ویب ڈیسک : پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے 7 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں پاکستان اور چین کی کمپنیوں کےدرمیان 7 ارب ڈالر سے زائدکے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیےگئے۔ اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین کی کمپنیوں کےدرمیان تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے7 ارب ڈالر سے زائدکے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیےگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سرمایہ کاروں کوپاکستان میں زراعت، آئی ٹی کے شعبوں، خصوصی اقتصادی زونز اورکان کنی ومعدنیات اور دیگرشعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو قرضے اور امداد نہیں مہارت اور سرمایہ کاری چاہیے، بخشش اور امداد نےکبھی کسی قوم کو متحرک اور خود مختار نہیں بننے دیا، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں کو معاہدوں میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کےخصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاروں کو پرکشش سہولیات فراہم کی جائیں گی، جدید زرعی طریقوں سے چین کو 10 ارب ڈالر تک کی زرعی مصنوعات برآمد کرسکتےہیں، پاکستان میں معدنیات کے بڑےذخائر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ نے چین کو عالمی معیار کی معاشی اور فوجی طاقت بنادیا ہے، پاکستان جلد خطے میں ترقی کے سفر میں چین کا ہم قدم ہوگا۔