اسرار خان: سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر کی مختلف مویشی منڈیوں کا دورہ کرتے ہوئے ٹریفک اور پارکنگ انتظامات کا جائزہ لیا۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے سگیاں مویشی منڈی کا بھی دورہ کیا جہاں ڈی ایس پی سگیاں نے انہیں پارکنگ اور ٹریفک پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹی اور بڑی گاڑیوں سمیت لوڈر رکشوں کی پارکنگ الگ الگ کرائی جا رہی ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ رانگ پارکنگ اور ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی روکنے کے لیے خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ مویشی منڈیوں میں اضافی نفری کے ساتھ ٹریفک ریسپانس یونٹس بھی موجود ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مین شاہراہوں پر جانور یا گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ غیر قانونی مویشی منڈیاں لگانے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر میں مختلف مقامات پر 7 بکر منڈیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 13 ڈی ایس پیز، 60 انسپکٹرز اور 200 وارڈنز ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے 10 فوک لفٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او نے وارڈنز کو نوسربازوں، مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام سرکل افسران کو مویشی منڈیوں کے باقاعدہ دورے کرنے کا حکم بھی دیا۔