شاہد ندیم سپرا:عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں اجتماعی قربانی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ جامعات، مدارس اور مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے اجتماعی قربانی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اجتماعی قربانی کیلئے شہریوں کی جانب سے حصہ ڈالنے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے، جبکہ مختلف اداروں اور تنظیموں کی جانب سے فی کس حصہ 32 ہزار سے 42 ہزار روپے تک مقرر کیا گیا ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اجتماعی قربانی کی بڑی فضیلت ہے اور اس عمل سے نہ صرف سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی ہوتی ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو بھی فروغ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر غرباء اور مستحق افراد کو یاد رکھنا انتہائی ضروری ہے، جبکہ قربانی کے گوشت کا ایک حصہ ضرور نادار اور مستحق لوگوں میں تقسیم کیا جانا چاہیے تاکہ عید کی خوشیوں میں ہر طبقہ شریک ہو سکے۔
مذہبی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اجتماعی قربانی کے ذریعے منظم انداز میں قربانی کی ادائیگی کے ساتھ صفائی ستھرائی اور گوشت کی بہتر تقسیم کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔