(ویب ڈیسک)وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمینِ حج کو دورانِ حج اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی تاکہ انہیں سفرِ حج کے دوران کسی بھی مشکل یا پریشانی سے بچایا جاسکے۔
جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ حجاج کرام اپنے خیموں، ہوٹلوں اور دیگر اہم مقامات کی تصاویر محفوظ رکھیں تاکہ راستہ یاد رکھنے میں آسانی ہو، اس کے علاوہ اپنا بینک کارڈ، شناختی کارڈ اور اپنی تصویر بھی موبائل فون میں محفوظ رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔
حجاج کرام کویہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے گروپ لیڈرز سے مسلسل رابطے میں رہیں اور حج پر روانگی سے پہلے ضروری معلومات حاصل کر لیں،کسی بھی قسم کی ایمرجنسی پیش آنے کی صورت میں متعلقہ اداروں اور حج آپریشن روم سے فوری رابطہ کیا جائے تاکہ بروقت رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔
وزارتِ مذہبی امور نےمزید کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے حجاج کرام اپنے مقدس سفر کو مزید محفوظ اور آسان بنا سکتے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ روز عازمین کو ہدایت کی گئی تھی کہ شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے چھتری، سن گلاسز اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں جبکہ روزمرہ استعمال کی ضروری ادویات بھی اپنے بیگ میں شامل کریں، آرام دہ قیام اور سفر کے لیے چٹائی، ایک عدد سوت (احرام/لباس)، موبائل چارجر اور پاور بینک بھی ساتھ رکھنا مفید ہوگا۔
حج انتظامیہ نے تاکید کی ہے کہ عازمین صرف ضروری سامان ساتھ رکھیں اور غیر ضروری اشیا سے اجتناب کریں تاکہ سفر میں آسانی رہے اور عبادات پوری توجہ کے ساتھ کی جاسکیں۔