جمال الدین:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے زیرِ انتظام علاقے مدینہ ٹاؤن، گلی نمبر 4 عقب جنرل ہسپتال میں گزشتہ 14 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
اہلِ علاقہ کے مطابق متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود لیسکو حکام کی جانب سے بجلی کی سپلائی بحال نہیں کی گئی۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ مسلسل بجلی بندش کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے مؤقف اختیار کیا کہ علاقے میں بجلی کے بڑھتے ہوئے لوڈ کے پیشِ نظر کم از کم دو نئے ٹرانسفارمرز کی فوری تنصیب ناگزیر ہو چکی ہے، جبکہ موجودہ نظام اضافی دباؤ برداشت کرنے سے قاصر ہے۔
شہریوں نے مزید بتایا کہ بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کی سپلائی بھی مکمل طور پر بند ہو گئی ہے، جس سے گھریلو صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بجلی و پانی کی فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔