(عیشہ خان) نشتر کالونی میں نویں جماعت کا طالب علم باپ کا جانی دشمن بن گیا، آوارہ لڑکوں سے دوستی نبھانے سے منع کرنے پر باپ پر فائرنگ کروادی۔
سٹی 42 کے مطابق نشتر کالونی کے علاقے عمار بلاک میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جہاں بیٹے نے اپنے دوستوں سے اپنے والد نوید پر فائرنگ کروادی، واقعے میں باپ کا دوست جاں بحق جبکہ نوید زخمی ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ نوید کا بیٹا حمزہ فائرنگ کرنے والے کفیل اور ربیع کا دوست ہے۔
پولیس کے مطابق حمزہ کا والد اسے ہمیشہ ان دوستوں سے دور رہنے کی تلقین کرتا تھا۔ حمزہ اپنے دوستوں سے ملنے گیا جہاں انہوں نے فون کر کے حمزہ کے والد نوید کو بلایا۔ نوید اپنے دوست عرفان کے ہمراہ پہنچا تو حمزہ کے دوستوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس سے نوید شدید زخمی جبکہ عرفان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تاہم تینوں ملزمان فرار ہو گئے۔ مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔