سٹی 42:پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے پارٹی ڈسپلن کی مبینہ خلاف ورزی اور ساتھی اراکینِ اسمبلی کے ساتھ جھگڑوں کے معاملے پر اپنے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اقبال آفریدی کو پارٹی اور پارٹی کے تمام عہدوں سے فوری طور پر ہٹا دیا جائے گا، جبکہ ان کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے اقبال آفریدی کو جلد شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا، جس میں ان سے وضاحت طلب کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی اقبال آفریدی کے رویے اور پارلیمانی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ان کی رکنیت معطل کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی خصوصی کوششوں سے انہیں بحال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حالیہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب اقبال آفریدی پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے رکن قومی اسمبلی صبغت اللہ کے ساتھ تلخ کلامی کے دوران ہاتھ اٹھایا، جس کے بعد پارٹی قیادت نے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اقبال آفریدی اس سے قبل بھی قومی اسمبلی کے اندر رکن اسمبلی جنید اکبر کے ساتھ جھگڑے میں ملوث رہ چکے ہیں۔