افشاں رضوان:شہر بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ سرکاری نرخوں کے برعکس مختلف علاقوں میں ایل پی جی انتہائی مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے۔
اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی مقررہ قیمت 308 روپے فی کلو ہے، تاہم مارکیٹ میں مختلف مقامات پر ایل پی جی 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث وہ مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب رکشہ ڈرائیورز نے بھی شکایت کی ہے کہ ایل پی جی کی قیمتیں روزانہ تبدیل ہو رہی ہیں، جبکہ مسافر پرانے کرایوں پر سفر کرنا چاہتے ہیں، جس سے ان کے لیے مالی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔