سٹی42: پی ٹی آئی کے بانی نے گزشتہ ہفتے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی رہائی کے لئے احتجاج کی تحریک نہیں چلائیں گے کیونکہ ملک کو اس وقت متحد رہنے کی ضرورت ہے، آج علیمہ خان نے بانی کے نام سے وہ سب کچھ ایک بار پھر کہہ دیا جو وہ ہمیشہ کہتی ہیں اور جس کی وجہ سے ان کی بانی سے ملاقاتیں رکی ہوئی تھیں۔
علیمہ خان کی آج بانی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی لیکن انہوں نے بانی کا طویل " پیغام" اڈیالہ جیل کے باہر موجود صحافیوں سے شئیر کیا اور کہا کہ بانی نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ڈرونز کے خلاف ہیں۔ جو بھی حملے کر رہا ہے اس کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائیں۔ یہ اب وکلاء بتائیں گے۔ بانی نے ہمیشہ کہا جب آپ بے گناہ لوگوں کو ماریں گے تو اس سے دہشت گردی بڑھے گی۔ بانی نے کہا اس وقت ملک میں کوئی ہائبرڈ سسٹم نہیں ہے بلکہ 'مارشل لا " ہے۔ بانی کہتے ہیں میں ان سے بات کروں گا جن کے ہاتھ میں سب کچھ ہے۔ ٹرمپ نے بھی ان سے بات کی جن کے ہاتھ میں سب کچھ ہے۔ علیمہ خان نے کہا، باہر کے ممالک شہباز شریف کو جانتے بھی نہیں ہوں گے نہ وہ صدر(آصف علی) زرداری سے بات کرتے ہیں۔
علیمہ خان نے صحافیوں کو بتایا کہ بانی کہنا چاہ رہے ہیں کہ جب عوام اپنا رد عمل دیتی ہے آپ کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ خلاف ہے بلکہ آپ کو ان کی آواز سننا چاہیے، یہاں ایک صاحب فیصلہ کرتے ہیں کہ کون جیل کے اندر ملاقات کے لیے جائے گا۔ تیمور جھگڑا، سلمان اکرم اور علی امین کو اجازت نہیں ملتی لیکن بیرسٹر سیف کو ملاقات کی اجازت ملتی ہے۔ وہ صاحب جو فیصلہ کرتے ہیں ان کو بیرسٹر سیف ہی پسند ہیں۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اور ایران اکٹھے مل کر سیز فائر کرکے فیصلے کرلیں گے۔ ہمیں اپنے ملک کی فکر کرنی چاہیے۔ ایران سے سیکھنا چاہیے، ہمیں ملک میں قانون کی حکمرانی، اپنے حق کے لیے کھڑا ہونا چاہئے۔
علیمہ کی ملاقات آج بھی نہیں ہوئی
بانی کی باتیں فی البدیہہ بتانے والی ان کی بہن علیمہ خان کی آج بھی ان سے ملاقات نہیں ہوئی تھی۔
پولیس نے علیمہ خان کو اڈیالہ جیل کی جانب جانے سے روک دیا تھا اور پولیس پریزن وین طلب کرلی تھی۔
علیمہ خان نے کہا کہ آج عمران خان سے ہرصورت ملاقات کرکے ہی جائیں گے۔ انہوں ںے اپنے کچھ کارکنوں کے ساتھ پیدل اڈیالہ جیل جانے کی کوشش کی، پولیس نے سب کو روک دیا۔
بانی کی دوسری عظمی خان نے پولیس سے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کرنا ہمارا حق ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ ہم تھوڑی دیر میں پوچھ کر آپ کو بتاتے ہیں۔اس پر علیمہ خان اور کارکنان وہیں رک کر انتظار کرنے لگے۔ بعدازاں بانی کی دونوں بہنیں عظمیٰ اور نورین نیازی ملاقات کے لئے گیٹ نمبر پانچ سے اڈیالہ جیل گئیں اور عمران خان سے ان کی ملاقات ہوئی۔ جب کہ بشریٰ بی بی سے بشریٰ کی بھابھی مہر النساء کی ملاقات بھی ہوئی۔