(سٹی42)ملک میں کورونا کی دہشت نے عوام میں خوف وہراس پھیلارکھا ہے، اموات اور متاثرین کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے،طبی ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ جولائی اور اگست تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کے واری تیزی کے ساتھ جاری ہیں، مہلک وبا کی وجہ سے پنجاب کے مختلف شہروں میں سمارٹ لاک ڈاون لگایا گیا،کورونا کے بڑھتے کیسز کو کنٹرول کرنے کے لئے حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں،روزانہ کی بنیاد پر بڑھتے کیسز کے پیش نظر طبی ماہرین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی،ماہرین کیسز اور اموات میں اضافے کے خطرناک رجحان کی جانب بھی اشارہ کر رہے ہیں ۔ملک کے چار بڑے شہروں سےطبی ماہرین کی آرا اور اعدادوشمار کو پرکھا گیا ۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر پروفیسر اشرف نظامی کا کہناتھا کہ کورونا کی وجہ سے صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے اورجولائی ،اگست تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 سے 40 لاکھ تک جاسکتی ہے جبکہ اموات بھی بڑھ 80 کر ہزار تک پہنچ سکتی ہیں۔ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائسنز کے پروفیسر سعید خان کے مطابق پاکستان میں اس وقت کورونا کے جتنے مریض سامنے آرہے ہیں اور جتنی اموات ہو رہی ہیں وہ آنے والے وقتوں میں چار سے پانچ گنا تک بڑھ سکتی ہیں ۔
دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر ڈاکٹر مسعود ہراج نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا لوگوں نے احتیاط نہ کی تو مریضوں کی تعداد دس لاکھ سے بھی بڑھ جائے گی۔طبی ماہرین نے کورونا کے ٹیسٹوں کی شرح میں اضافہ کے ساتھ مریضوں کی تعداد بڑھنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے نجی ہسپتال کے پروفیسر مختیار زمان کے مطابق صوبے میں اگر آج ایک لاکھ ٹیسٹ یومیہ کیے جائیں تو کیسز کی تعداد پچیس ہزار تک پہنچ سکتی ہے ۔ماہرین نے وثوق سے کہا کہ ملک میں بہت بڑی تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو کورونا سے متاثر ہیں، لیکن ان کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔