سٹی 42 : وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے حملے کو ناکام بناتے ہوئے، 12 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کی بھرپور کو سراہا۔
وزیراعظم نے واقعے میں 12 پاک فوج کے جوانوں، 2 پولیس اہلکاروں اور محکمہ جنگلات کے ایک سرکاری اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیے بغیر ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کو اس فتنے سے پاک کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری طاقت سے جاری رکھیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے 15 بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جری جوانوں نے جان دے کر خوارجیوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا۔ وطن کے بہادر سپوتوں نے 12 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں اور ہمارے سر کا تاج ہیں۔ شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف ہمارے پختہ عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز کے امن کے لئے شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ مراد علی شاہ نے حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے بہادر شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، شہدا کے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔