مریم مظہر:باغوں کے شہر لاہور میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شہر میں 10 سے 70 فیصد بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن بھر مختلف اوقات میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
اس وقت شہر میں 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث فضا خوشگوار مگر مرطوب محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بارش کے دوران ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔