ویب ڈیسک:ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اہم اجلاس آج ڈھاکہ میں چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں منعقد ہو رہا ہے جس میں ایشیا کپ 2025 کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارت اور سری لنکا کے نمائندے تاحال ڈھاکہ نہیں پہنچ سکے، جس سے محسوس ہوتا ہے کہ بھارت اے سی سی کے معاملات میں قدرے تنہا پڑتا جا رہا ہے۔
اے سی سی ذرائع کے مطابق ایشیا کپ ستمبر 2025 میں شیڈول کے مطابق ہونے کے امکانات روشن ہیں۔ بھارت اگرچہ اس ایونٹ کا میزبان ہے تاہم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں میزبانی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر شمی ڈی سلوا طبیعت کی ناسازی کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے تاہم وہ آن لائن میٹنگ میں شریک ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کا نمائندہ آج رات ڈھاکہ پہنچے گا جبکہ عمان کے نمائندے اجلاس میں شرکت کے لیے پہلے ہی موجود ہیں۔ اجلاس میں دیگر رکن ممالک کی موجودگی سے ایشیا کپ کے انعقاد پر اتفاق رائے کی امید کی جا رہی ہے۔
اے سی سی کے چیئرمین اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی اجلاس سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے عشائیے میں بھی شریک ہوئے، جہاں کرکٹ سفارت کاری کے ذریعے ایشیائی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔