ویب ڈیسک:روس کے مشرق بعید علاقے میں ایک مسافر طیارہ پہاڑی علاقے سے ٹکرا کر گر گیا جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 49 افراد ہلاک ہو گئے۔ طیارے میں 43 مسافر اور 6 فضائی عملے کے ارکان سوار تھے۔
علاقائی گورنر ویسلی اورلوف نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ روسی علاقے سائبیریا کی ایک مقامی ایئرلائن انگارا ایئر کے AN-24 ماڈل کے طیارے کے ساتھ پیش آیا، جو امور ریجن میں واقع شہر ٹنڈا کی جانب محوِ پرواز تھا۔
روسی خبر رساں اداروں کے مطابق پرواز کے دوران اچانک طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا اور وہ ریڈار سے غائب ہو گیا۔ فوری طور پر ایک وسیع تلاش اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
حکام کے مطابق کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد طیارے کا ملبہ ٹنڈا سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ملا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ طیارہ پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہوا۔ حادثے میں کوئی مسافر زندہ نہیں بچ سکا۔
یہ روس میں حالیہ برسوں کے دوران شہری ہوابازی کا ایک بڑا اور المناک واقعہ ہے۔روسی ایوی ایشن حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ بلیک باکس کی تلاش بھی جاری ہے، جو حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے میں مدد دے گا۔