مال روڈ(علی اکبر ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ ہماری حکومت کا تاریخ ساز اقدام ہے، اس سے بین المذاہب ہم آہنگی بڑھے گی اور متنازعہ مواد کی روک تھام ممکن ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے اس حوالے سے قانون سازی کی ہے اور میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور پنجاب اسمبلی کے ارکان کو مبارک باد دیتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ کے نفاذ سے مختلف کتب میں مذاہب (خصوصاًاسلام) کے بارے میں نفرت انگیز مواد کی اشاعت کی روک تھام ہو گی۔ ایکٹ کے تحت جہاں بھی رسول اکرم ۖ کی ذات بابرکات کا ذکر آئے گاان کے نام کے ساتھ خاتم النبین (آخری نبی) اورصلی اللہ وعلیہ وآلیہ وسلم لکھنا لازمی قراردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایکٹ کے مطابق رسول اللہ، اہل بیت اطہار، خلفائے راشد ین، اصحاب رسول رضوان اللہ تعالی اجمعین اورامہات المومنین کے بارے میں توہین آمیز کلمات قابل گرفت ہوں گے۔ اسی طرح انبیاء کرام علیہم السلام، فرشتوں، قرآن مجید، زبور، تورات، انجیل اور دین اسلام کے بارے میں متنازعہ اورتوہین آمیز الفاظ قابل گرفت ہوں گے، درج بالاخلاف ورزیوں پر 5 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کے علاوہ تعزیزات پاکستان کی مروجہ دفعات کے تحت بھی کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف اینکر پرسن سمیع ابراہیم کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ تحفظ بنیادِ اسلام قانون پنجاب میں نافذ کردیا گیا، خلاف ورزی پر 5 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، پنجاب اسمبلی سے گزشتہ روز منظور کیے گئے قانون کی منظوری کے بعد ملزم کودونوں سزائیں اکٹھی بھی دی جاسکیں گی۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت کتب کی رجسٹریشن اور ریگولیشن سمیت دیگر انتظامی امور کی انجام دہی یقینی بنائے گا، اس حوالے سے تمام اختیارات ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب کو دے دیئےگئے ہیں، ڈی جی پی آرپرنٹنگ پریسوں پر چھاپے بھی مارسکیں گے۔