ملک اشرف : چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی زیر صدارت اہم اجلاس, پانچوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی شرکت, ضلعی عدالتوں میں اصلاحات، سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیو ججز لائبریری میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی زیر صدارت ذیلی کمیٹی ضلعی عدالتی اصلاحات کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں پانچوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نے شرکت کی ۔ضلعی عدالتوں میں اصلاحات، سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی سے متعلق امور زیرغور آئے۔ اجلاس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس روزی خان باریچ نے شرکت کی ۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جنید غفارشریک ہوئے۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے بذریعہ آن لائن شرکت کی ۔۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مختلف ہائی کورٹس کے بہترین تجربات ، عملی اقدامات کو ضلعی عدالتوں میں نافذ کرنے کے لیے تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے گی ۔