(جمال الدین جمالی) ہر سال کی طرح اس سال بھی سٹی نیوز نیٹ ورک کے دفتر میں کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور مسیحی ملازمین میں کرسمس کے تحائف تقسیم کیے گئے۔
سٹی نیوز نیٹ ورک نے اپنے مسیحی ملازمین کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا، تقریب میں رنگ برنگے چھوٹے چھوٹے قمقموں اور سانتا کلاز کے ساتھ کرسمس ٹری کو خوب صورتی سے سجایا گیا ہے، سی این این کے تمام مسیحی ملازمین نے مل کر کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو کیک کھلایا، مسیحی ملازمین نے انتظامیہ کا کرسمس تقریب کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
ایڈیٹر سٹی 42 نوید چودھری، ڈائریکٹر نیوز سٹی 42 خرم کلیم، ڈائریکٹر نیوز 24 میاں طاہر، سینئر رپورٹر زاہد چودھری اور عامر رضا بھی سرخ رنگ کی سانتا کلاز کیپ پہن کر شریک ہوئے، سینئر صحافی رانا عظیم اور ایمرا کے صدر آصف بٹ نے خصوصی شرکت کی۔
مسیحی کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز سمیت دیگر مسیحی ملازمین کا کہنا تھا ان کی خوشی دوبالا ہو گئی ہے، سٹی 42 میں دفتر میں کام کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے محبت، اخوت و بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے، تقریب کے آخر میں مسیحی بھائیوں میں تحائف اور کیش پرائز بھی تقسیم کیے گئے۔