سٹی 42 : آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کراچی میں سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں ۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت صوبے بھر میں امن و امان اور سکیورٹی اقدامات کا اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں سینٹرل پولیس آفس میں اجلاس، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ اس موقع پر کراچی سمیت صوبے بھر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر افسران کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں آپریشن نجاتِ مہران، غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی اور ربیع الاول کے اجتماعات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اہم تقریبات اور عوامی مجالس کی سکیورٹی کے لیے جامع اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کراچی میں سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں، شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ اور پکٹنگ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ مشکوک سرگرمیوں کڑی نظر رکھی جائے، کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور ان کے ممکنہ گٹھ جوڑ پر کڑی نظر رکھی جائے۔
آئی جی سندھ نے شرپسند عناصر کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی، کہا کہ جرائم کے مکمل خاتمے تک پولیس افسران اور جوان پوری مستعدی سے فرائض انجام دیں، غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ افسران فیلڈ میں جا کر سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔