ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بسنت پورٹل کب کھلے گا؟ پتنگ سازوں کی انتظامیہ سے اہم ملاقات

بسنت کی تیاریوں میں پیش رفت، کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی انتظامیہ سے اہم ملاقات

بسنت پورٹل کب کھلے گا؟ پتنگ سازوں کی انتظامیہ سے اہم ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل:بسنت کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پتنگ بازی کے شعبے سے وابستہ افراد کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں بسنت پورٹل، پتنگ اور ڈور کے سائز سمیت مجوزہ قانونی ترامیم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پتنگ بازی سے منسلک مختلف ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے ڈی سی آفس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز عبداللہ خان سے ملاقات کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ سلیم، آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ شکیل، سیف کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین مہتاب ہاشمی، جنرل سیکرٹری عظیم درانی اور آل پاکستان کائٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندگان شریک ہوئے۔

ملاقات کے دوران کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز نے مطالبہ کیا کہ بسنت کا پورٹل جلد کھولا جائے تاکہ پتنگوں کی تیاری کا عمل شروع ہوسکے۔ نمائندوں کا کہنا تھا کہ جتنی جلد پتنگ سازی شروع ہوگی، اتنی ہی بہتر طریقے سے طلب پوری کی جاسکے گی۔

ایسوسی ایشنز کے مطابق تاحال لائسنس پورٹل کھولنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اے ڈی سی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بسنت پورٹل جلد اوپن کردیا جائے گا۔

ملاقات میں ڈور کی تیاری کے طریقہ کار پر بھی گفتگو ہوئی۔ آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے پنے کے بجائے چڑھی کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پنے بنانے والے بیشتر کاریگر اب موجود نہیں رہے۔ نمائندوں کے مطابق جس وقت میں پانچ پنے تیار ہوتے ہیں، اتنے ہی وقت میں تقریباً 15 چڑھیاں تیار کی جاسکتی ہیں۔

کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ڈور کی تیاری طے شدہ ایس او پیز کے مطابق کی جائے۔ نمائندوں کا کہنا تھا کہ ڈور چرخی پر ہو یا پنے پر، اس سے بنیادی فرق نہیں پڑتا، اصل توجہ مقررہ حفاظتی ضوابط کے مطابق ڈور کی تیاری پر ہونی چاہیے۔