عمران یونس:پنجاب میں جامعات کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے وزارت تعلیم نے یونیورسٹیوں کی فنڈنگ بڑھانے اور پہلی کمرشل پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سٹی42 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ سے منظوری کے بعد جامعات کے لیے پہلی کمرشل پالیسی متعارف کرائی جائے گی، جس کا مقصد یونیورسٹیوں کو مالی طور پر مستحکم کرنا ہے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق رواں سال جامعات کی مالی مشکلات دور کرنے کے لیے ان کی فنڈنگ میں اضافہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس کے دوران پنجاب یونیورسٹی کی مالی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے دعویٰ کیا کہ پنجاب یونیورسٹی کی زرعی زمین سے حاصل ہونے والی آمدن 20 ہزار سے بڑھ کر 3 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ یونیورسٹی کی مجموعی آمدن میں بھی 1200 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کو انتہائی قابل شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو بھی سراہا۔