طاہر جمیل:ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت لاہور میں عوام سے صفائی بلوں کی وصولی کا منصوبہ مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر سکا۔ گزشتہ 7 ماہ کے دوران جاری کیے گئے صفائی بلوں میں سے صرف 3 فیصد رقم ہی وصول کی جا سکی۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اب تک لاہور میں مجموعی طور پر 51 لاکھ 90 ہزار بل جاری کیے گئے، جن میں سے صرف 2 لاکھ 75 ہزار بلوں کی ادائیگی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق جاری کیے گئے بلوں کی مجموعی مالیت تقریباً 13 ارب روپے تھی، تاہم اب تک صرف 36 کروڑ روپے ہی وصول کیے جا سکے۔
رہائشی علاقوں میں مجموعی طور پر 28 لاکھ صفائی بل جاری کیے گئے، جن میں سے صرف 1 لاکھ 27 ہزار بلوں کی ادائیگی ہو سکی۔
اعداد و شمار کے مطابق رہائشی علاقوں سے بلوں کی وصولی کی شرح بھی انتہائی کم رہی، جس کے باعث بڑی رقم تاحال واجب الادا ہے۔
کمرشل علاقوں میں گزشتہ 7 ماہ کے دوران 23 لاکھ بل جاری کیے گئے، تاہم صرف 1 لاکھ 48 ہزار بلوں کی ادائیگی کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق صفائی بلوں کی وصولی میں کم شرح کے باعث ستھرا پنجاب پروگرام کے لیے مالی اہداف حاصل کرنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے بلوں کی وصولی بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔