سٹی 42: نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار 25 تا 26 اگست سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ , شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ نائب وزیر اعظم جدہ میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے ہنگامی اجلاس میں شریک ہوں گے،ڈھاکہ میں اپنے دو روزہ دورے کے بعد نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار براہِ راست جدہ روانہ ہوں گے, تاکہ وہ جدہ میں اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کر سکیں ،اجلاس میں او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے،اجلاس میں فلسطین کی صورتحال, اسرائیلی فوجی جارحیت پر غور کیا جاے گا, اجلاس میں غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے اسرائیلی منصوبے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مربوط ردعمل پر بھی غور کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہا ہے,پاکستان عالمی فورمز پر اس مسئلے کو اجاگر کرتا رہا ہے,ہنگامی اجلاس کے دوران نائب وزیرِاعظم پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرائیں گے, اسحاق ڈار فلسطین کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے,اسحاق ڈار اسرائیل کے تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے مکمل انخلاء پر زور دیں گے,وہ غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول اور فلسطینیوں کی مزید جبری بے دخلی کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مخالفت کریں گے,نائب وزیر اعظم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا تعطل فراہمی کی فوری ضرورت کے لیے دباو ڈالیں گے,اسحاق ڈار فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کا مطالبہ کریں گے, وہ جون 1967ء کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو کا موقف دہرائیں گے،اجلاس کے موقع پر نائب وزیرِاعظم کی او آئی سی کے اہم رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔