(مانیٹرنگ ڈیسک ) پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان لفی جنگ میں تیزی آگئی ۔نیب قانون پر ترمیم پر عمل کو بڑا دھچکا پہنچا ۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان طے پانے والی تجاویز ٹویٹر پر جاری کردیں۔
وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کئی دنوں سے مسلم لیگ نواز لمیٹڈ مطالبہ کر رہی تھی کہ این آرو کس نے مانگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ حضور والا یہ ہیں وہ ذرائع اور دستاویزات جن کی وساطت سے این آر اومانگا گیا.
تاریخ گواہ ہے کہ ہر بار پی ایم ایل این کی قیادت نے ملک اور قانون سے فرار کا راستہ اختیار کیا ہے.وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں احتساب آرڈیننس 1999 میں ترمیم کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مجوزہ ترامیم کے صفحات شیئر کیے۔
دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان ترمیمی تجاویز کے مطابق تحقیقات کا حکم دینے کے بعد یا انکوائری کے وقت، ٹرائل شروع ہونے سے پہلے یا بعد میں یا اپیل کے زیر التوا ہونے کے دوران عوامی عہدہ رکھنے والا یا کوئی بھی دوسرا شخص کسی جرم کے نتیجے میں بنائے گئے اثاثے یا حاصل کیے گئے فوائد واپس کرنے کی پیش کش کرے تو اس آرڈیننس کے تحت چیئرمین نیب، کیس کے حقائق اور پہلوؤں پر غور کر کے اپنی صوابدید اور جو شرائط و ضوابط وہ ضروری سمجھیں انہیں مدِ نظر رکھتے ہوئے اس قسم کی پیشکش کو قبول کرسکتے ہیں۔
اگر عوامی عہدہ رکھنے والا کوئی بھی دوسرا شخص چیئرمین نیب کی متعین کردہ رقم واپس کرنے پر راضی ہو تو اس کیس کوعوامی عہدہ رکھنے والے یا کسی بھی شخص یا شریک ملزم کی رہائی سے متعلق کیس کو عدالت یا اپیلیٹ کورٹ میں بھیجا جائے گا۔دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کے بیرون ملک علاج کی تجویز پنجاب حکومت اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے دی۔
ایک ٹوئٹ میں انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت، وزیر صحت یاسمین راشد اور سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز سے پوچھیں انہوں نے درخواست کی کہ نوازشریف کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا، انہیں باہر جانے کی اجازت دی جائے۔ یہی پاکستان تحریک انصاف کا جھوٹ، کرپشن اور دھوکہ ہے جس کی سزا دو سال سے عوام کاٹ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے کرائے کے ترجمان نواز شریف کی صحت اور مسلم لیگ (ن)پرٹویٹس کی بجائے عوام کے مسائل پرجواب دیں۔
بتایا جائے عوام کو روزگار ،ایک کروڑ نوکریاںاور 50 لاکھ گھرکب ملیں گے؟۔ قومی ترقی 5.8 سے منفی 0.4 کیسے ہوئی؟۔ چینی 52 سے 110، آٹا 33 سے 78روپے کلو کیسے ہوا۔ جہانگیر ترین چینی چور وطن واپس کب لوٹ رہے ہیں، تحریک انصاف یہ بتائے۔