عرفان ملک: لاہور کے علاقے اچھرہ میں ماں کے ہاتھوں بچوں کے قتل کے افسوسناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں واقعے کے بعد ملزمہ کو گھر سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بچوں کے قتل کی واردات صبح 10 بجے سے بھی پہلے کی گئی۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ نے واردات کے بعد معمول کے مطابق گھر سے باہر نکل کر اردگرد کے حالات کا جائزہ بھی لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ ردا کو واقعے کے بعد گھر سے باہر نکلتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کچھ دیر تک گلی میں موجود رہی اور بعد ازاں وہاں سے روانہ ہو گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمہ نے واردات کے بعد کرائم سین کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم حتمی نتیجہ تفتیش مکمل ہونے اور شواہد کے تجزیے کے بعد سامنے آئے گا۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 9 سال کے درمیان تھیں، جن میں دو بچیاں اور ایک بچہ ،مقتولین میں 5 سالہ مومنہ بتول،4سالہ مومن رضا ، ڈیڑھ سالہ ام حبیبہ شامل تھی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق معلوم ہوا کہ بچوں کے والدین چند منٹ کے لیے گھر کو تالا لگا کر قریبی فارمیسی گئے تھے۔ واپسی پر انہوں نے گھر کے اندر اپنے بچوں کو مردہ حالت میں پایا، جن کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹے گئے تھے۔