دورِ نایاب: لاہور میں کلمہ چوک اور مین بلیوارڈ کو مستقبل میں سگنل فری بنانے کیلئے اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) کے اجلاس میں میٹرو بس کیلئے علیحدہ ایلیویٹڈ برج بنانے کی تجویز زیر غور آئی۔
سی ای او سی بی ڈی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کلمہ چوک پر ٹریفک کے بڑھتے دباؤ کو کم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ اس وقت میٹرو بس کلمہ چوک پر ایٹ گریڈ ٹریک استعمال کر رہی ہے، جو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔
اجلاس میں تجویز دی گئی کہ مستقبل میں ارفع ٹاور کے سامنے میٹرو بس کیلئے علیحدہ بلند (ایلیویٹڈ) برج تعمیر کیا جائے تاکہ میٹرو اور دیگر ٹریفک کو الگ کیا جا سکے۔ منصوبے کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے فنڈز حاصل کیے جائیں گے۔
مزید برآں، سی بی ڈی میں داخلے کیلئے یو سی ایچ کے سامنے سے برج کو اٹھا کر روٹ 47 پر اتارنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ایگزٹ کیلئے بھی روٹ 47 سے برج کو اٹھا کر لبرٹی سائیڈ پر بینک آف پنجاب کے سامنے اتارا جائے گا۔
سی بی ڈی حکام کے مطابق اس منصوبے میں دو فلائی اوورز اور میٹرو بس کیلئے الگ برج شامل ہے، جس کا ابتدائی تخمینہ تقریباً 4 ارب روپے لگایا گیا ہے، تاہم حتمی لاگت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کلمہ چوک اور مین بلیوارڈ کی ری ماڈلنگ وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے اور مستقبل میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے یہ منصوبہ نہایت ضروری ہے۔