وقاص احمد: لاہور میں چند روز قبل بزرگ شہری پر تیزاب پھینکنے کے سنگین واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے عمل میں لائی گئی، جس میں موٹر سائیکل سوار ملزم کو واردات کرتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ایس پی سٹی کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد ملزم کی شناخت کر کے اسے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے تفتیش کا دائرہ وسیع رکھا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ بزرگ شہری 20 لاکھ روپے بینک میں جمع کروانے جا رہا تھا۔ ملزم نے واردات سے قبل تقریباً 7 روز تک شہری کی نقل و حرکت کی ریکی کی اور موقع ملتے ہی حملہ کیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق تیزاب پھینکے جانے کے بعد گاڑی میں سوار شہری نے فوری طور پر گاڑی کی رفتار تیز کر دی، جس کے باعث ملزم رقم چھیننے میں ناکام رہا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
راوی روڈ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔