حکومت کی مدت کتنی، عام انتخابات کب ہونگے؟ وزیراعظم نے بتادیا

حکومت کی مدت کتنی، عام انتخابات کب ہونگے؟ وزیراعظم نے بتادیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نےعام انتخابات 2023 میں ہونے کا اشارہ دیدیا، کہتے ہیں کہ ہماری حکومت کی آئینی مدت بھی ڈیڑھ سال ہے، اسی عرصے میں کراچی سے چمن شاہراہ مکمل کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور ٹو کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے خطاب کیا تو یہاں بلوچستان کے عمائدین نے ان کے خطاب کوسنا، پھر جب پاکستان معرض وجود میں آیا تو بلوچستان کے عمائدین نے ہی میونسپل کمیٹی ہال میں پاکستان کے ساتھ جانے کا اعلان کیا تھا، بلوچستان رقبے کے لحاظ سے بڑا صوبہ ہے جبکہ آبادی کے لحاظ سے چھوٹا صوبہ ہے ، بلوچستان ترقی میں بہت پیچھے رہ گیا، ڈیڑھ سال میں کراچی سے چمن شاہراہ مکمل کریں گے، لسبیلہ تا چمن، خضدار کچلاک 200ارب کا منصوبہ ہے، معلوم نہیں منصوبے کیلئے پیسا کہاں سے آئے گا، لیکن کم ترین وقت میں پیسا لے کر آؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں جس طرح دہشتگردی نے تباہی مچائی، ہمارے بلوچوں کو جس طرح بربریت کا نشانہ بنایا گیا, جتنی قربانیاں دیں، اس کی مثال نہیں ملتی، پھر ہماری پاک فوج نے جس طرح قربانیاں دیں، حالیہ دنوں میں دہشت گردی نے پھرسر اٹھایا ہے، باہمی اتفاق سے دہشت گردی کو دوبارہ شکست دیں گے، بلوچستان کی محرومیوں سے کوئی اختلاف رائے نہیں، بلوچستان مختلف وجوہات کی بنا پر پیچھے رہ گیا، خدارا شمالی اور جنوبی بلوچستان کے بیانیے کو ترک کردیں، بلوچستان میں جہاں بھی مسائل ہیں، حل کریں گے،  یقین دلاتا ہوں لاپتہ افراد کا معاملہ جلد حل کرانے کی کوشش کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ سب نے مجھے کہا کہ خضدار کچلاک کو خونی سڑک کہا جاتا ہے، آئے روز اس پر حادثے ہوتے ہیں، ہم نے اس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، اگر واقعی یہ خونی سڑک ہے تو اس سڑک کا خون ہم خشک کرکے خوشحالی کی سڑک بنائیں گے, لسبیلہ سے لے کر چمن تک اس منصوبے کو اکٹھا شروع کریں گے۔

شہباز شریف  نے کہا کہ لسبیلہ سے لے کر چمن تک خضدار کچلاک 200ارب کا منصوبہ ہے، چار لین کا منصوبہ ہے، مجھے نہیں معلوم پیسا کہاں سے آئے گا، لیکن میں کم ترین وقت میں پیسا لے کر آؤں گا، ہماری حکومت کی آئینی مدت بھی ڈیڑھ سال ہے، میں ڈیڑھ سال کا وقت دے رہا ہوں، ڈیڑھ سال میں کراچی سے چمن شاہراہ مکمل کریں گے، اگر پنجاب، خیبرپختونخواہ، سندھ کے لیے پیسے ہوسکتے ہیں تو پھر بلوچستان کیلئے کیوں نہیں؟میرے ذہن میں پروگرام ہیں لیکن میں شیئر نہیں کرنا چاہتا اللہ پیسوں کا بندوبست کردے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی کہا  کہ الیکشن پاکستان کے عوام کا حق ہے، حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد عام انتخابات ہوں گے۔