علی ساہی:ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران لائسنس کے اجراء میں ریکارڈ 43 فیصد اضافہ ہوا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران 6 لاکھ 65 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ لاہور میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری ہوئے۔
گزشتہ 3 ہفتوں میں 3 لاکھ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس بنوائے، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔
ترجمان کے مطابق ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ ایک ہزار سے زائد شہریوں نے گم شدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔
3 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے، جبکہ 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد شہری آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے مستفید ہوئے۔ 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد شہریوں نے ای ڈرائیونگ لائسنس بھی ڈاؤن لوڈ کیے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے، ایسے افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
محمد وقاص نذیر کے مطابق پنجاب میں سیکھ کر گاڑی چلانے کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے، سیکھ کر گاڑی چلانے والوں کی وجہ سے صوبے میں ٹریفک حادثات میں 32 فیصد کمی آئی ہے۔