طاہر جمیل:شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کے لیے نیا میکنزم متعارف کروا دیا گیا، ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط ہوگئے۔
ڈی جی ستھرا پنجاب عمر جاوید اور ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط کیے، تقریب میں ایڈیشنل ڈی جی رضوان الحق، ایڈیشنل ڈی جی احمد سعید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت ایکسائز ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس کی وصولی بھی یقینی بنائے گا۔ گھر گھر سروے، صفائی بلوں کی پرنٹنگ اور بلوں سے متعلق شکایات کے ازالے کی ذمہ داری بھی محکمہ ایکسائز کی ہوگی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق پنجاب بھر کے شہری علاقوں میں یکساں صفائی فیس کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔
رہائشی گھروں کے لیے ماہانہ صفائی فیس کا شیڈول بھی مقرر کردیا گیا ہے۔ 5 مرلہ تک کے گھروں سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ تک 500 روپے، 10 سے 20 مرلہ تک ایک ہزار روپے، 20 سے 40 مرلہ تک 2 ہزار روپے جبکہ 40 مرلہ سے بڑے گھروں سے 5 ہزار روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔
کمرشل یونٹس کے لیے چھوٹے یونٹس سے 500 روپے، درمیانے یونٹس سے ایک ہزار روپے جبکہ بڑے کمرشل یونٹس سے 3 ہزار روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔
محکمہ ایکسائز صفائی فیس کی وصولی کے عوض ایک فیصد سروس چارجز وصول کرے گا۔