عرفان ملک:سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک افسران کو شہر میں ٹریفک کے بہاؤ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔
سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ٹریفک کا فلو اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک انتظامات مزید بہتر اور مؤثر بنانے کا حکم دیا۔
انہوں نے حادثات سے محفوظ پنجاب کے لیے ایکسیڈنٹ ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین، خصوصاً لین لائن اور اوورلوڈنگ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ناقص ہیلمٹ انفورسمنٹ پر متعلقہ سیکٹر انچارج اور ڈی ایس پی کو جوابدہ قرار دیا جائے گا۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے پیدل سڑک عبور کرنے والے شہریوں کے لیے آگاہی مہم چلانے اور انتباہی بورڈز نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
سی ٹی او لاہور نے منظم ٹریفک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں کوئی شخص بغیر ہیلمٹ، ون وے ٹریفک یا لین لائن کی خلاف ورزی کرتا نظر نہیں آنا چاہیے۔
انہوں نے مال بردار گاڑیوں، ریت، مٹی اور دیگر بھوسے والے لوڈرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ سی ٹی او کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بغیر ترپال ٹریکٹر ٹرالی یا دیگر لوڈر وہیکل سڑک پر چلتی نظر نہیں آنی چاہیے۔
سی ٹی او لاہور نے تمام کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس بھی خصوصی طور پر چیک کرنے کا حکم دیا۔