ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سپر طوفان’’ راگاسا‘‘ کے پیش نظر چین کے 10 شہروں میں سکولز اور دفاتر بند

سپر طوفان’’ راگاسا‘‘ کے پیش نظر چین کے 10 شہروں میں سکولز اور دفاتر بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: جنوبی چین کو سپر ٹائیفون راگاسا کے سنگین اثرات کا سامنا ہے، جس کے قریب آتے ہی متعدد شہروں میں حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ کم از کم 10 شہروں میں اسکولز اور کاروباری مراکز بند کر دیے گئے ہیں جبکہ کئی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔

ٹائیفون کی گردشی ہوائیں تقریباً 230 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، اور ماہرین نے راگاسا کو سال 2025 کا سب سے طاقتور طوفان قرار دیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ طوفان بدھ کے روز گوانگڈونگ صوبے کے شینژن اور ژوون کاؤنٹی کے درمیان ساحلی علاقے میں لینڈ فال کرے گا۔

شینژن، جو چین کا ایک بڑا ٹیکنالوجی مرکز ہے، میں حکام نے 4 لاکھ افراد کے انخلا کا حکم جاری کیا ہے۔ شہر کی ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے شدید آندھی، طوفانی بارش، بلند سمندری لہروں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔

ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر ریاستی اور مقامی حکومتوں نے اسکولز، دفاتر اور کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کے ساتھ ساتھ آمد و رفت پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ، فیری سروسز اور متعدد صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق سمندر کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ، شدید بارش اور بڑے ساحلی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جو ماضی میں بھی شدید طوفانوں سے متاثر ہو چکے ہیں۔

چینی محکمہ موسمیات نے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ شدید موسم کے دوران محتاط رہیں، اپنے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں محفوظ بنائیں، ایمرجنسی کٹس تیار رکھیں اور غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کو سرکاری ہدایات پر عملدرآمد کی تاکید کی گئی ہے۔