ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مولانا فضل الرحمن نے حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

مولانا فضل الرحمن نے حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( قذافی بٹ ) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ناجائز بھی ہے اور نااہل بھی، ہم دوبارہ انتخابات کے مطالبے پر نکل رہے ہیں، جس کے دل میں بھی ملک کیلئے محبت ہے وہ عمران خان سے تنگ آچکا ہے۔ گرفتار ہوا تو آزادی مارچ کی نظربندی کے دوران قیادت کروں گا۔

گارڈن ٹاؤن میں جے یو پی کے سربراہ پیر اعجاز ہاشمی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آزادی مارچ میں سب چیزیں ہیں، اس میں جمہوریت بھی ہے اور کشمیر بھی، عام آدمی ہمارے بیانیے پر متفق ہو چکا ہے کہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی، اس طرح دھاندلی کرکے اقتدار میں آنے والے کو تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاست اور جمہوریت چاہتے ہیں تو حق حکمرانی بھی عوام کی مرضی سے ہوگا۔ ساری سیاسی لیڈر شپ سے ہمارا رابطہ ہے۔ آئندہ دو تین دنوں میں مزید ملاقاتیں ہونگی، شہباز شریف کے ساتھ حکمت عملی طے کرلی ہے، پیپلز پارٹی کے قائدین سے بھی ملوں گا۔

جے یو پی کے سربراہ پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کے ساتھ ہیں، موجودہ حکومت جتنی دیر مزید رہے گی پاکستان کو خطرات رہیں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے پیر اعجاز ہاشمی کو دیگر سیاسی قائدین سے ہونے والی ملاقاتوں سے آگاہ کیا اور مستقبل میں رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔