ویب ڈیسک : پاکستان کے ساتھ وائٹ بال سیریز کھیلنے سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کو دھچکا لگا ہے، ٹیم کے 2 اہم کھلاڑی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے۔
جنوبی افریقا کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ٹی 20 ٹیم کےکپتان ڈیوڈ ملرکو ہیمسٹرنگ اور فاسٹ بولر جیرالڈ کوئیٹزی کو مسل انجری ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے دونوں کھلاڑی وائٹ بال سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں دونوں کھلاڑیوں کی جگہ میتھیو بریٹزکی، ٹونی ڈی زورزی کو شامل کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقا کرکٹ کے مطابق پاکستان کے ساتھ ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ڈیوڈ ملر کی جگہ ڈونوون فریرا جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس کے علاوہ اوٹنیل بارٹمین کو جیرالڈ کوئیٹزی کی جگہ ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو پنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچز کی ون ڈے سیریز 4 نومبر سے شروع ہوگی۔