ْقیصر کھوکھر: چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ چیف سیکرٹری نے زرعی اجناس کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پامرا ایکٹ کے رولز جلد منظورکرانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر سبزیوں کے نرخوں میں فوری کمی سے متعلق سفارشات تیار کرنے کے لیے سیکرٹری صنعت کی سربراہی میں آٹھ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی، کمیٹی اراکین میں سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر مارکیٹنگ، تین ڈویژنل کمشنرز اور تین ڈپٹی کمشنرز شامل ہیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ مختلف شہروں میں سبزیوں کے نرخوں میں فرق کی بنیادی وجہ منڈیوں میں نیلامی کا فرسودہ نظام ہے، صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے منڈیوں سے آڑھتی اور کمیشن ایجنٹ کی اجارہ داری ختم کرنا ہوگی، کاشتکاروں کی زرعی اجناس کی صارفین کو براہ راست فروخت سے مڈل مین کے کردار کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں کین کمشنر پنجاب کو سہولت بازاروں میں چینی کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، سہولت بازاروں کی جیو ٹیگنگ سے متعلق بھی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، صنعت، خوراک کے سیکرٹریز، سی ای او اربن یونٹ، چیئرمین پی آئی ٹی بی، کمشنر لاہور اورسپیشل سیکرٹری ایگریکلچر مارکیٹنگ نے شرکت کی، جبکہ ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔