ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر چند روز سے ایک دعویٰ گردش کررہا ہے، جس میں ایک صارف نے شکایت کی ہے کہ اس کے آئی فون 17 پرو میکس (کاسمک اورنج) کا رنگ صرف چند سستے ویٹ وائپس سے صاف کرنے پر ختم ہوگیا۔
وائرل تصاویر میں نارنجی اسٹرِیک ٹشو پر واضح نظر آرہی تھیں جبکہ فون کی باڈی پر مدھم دھبے پڑچکے تھے، اس پوسٹ کے وائرل ہوتے ہی صارفین کے درمیان بحث چھڑ گئی کہ کیا یہ کمپنی کی غلطی ہے؟ یا صفائی کا بے احتیاط طریقہ؟ یا پھر کاسمک اورنج رنگ واقعی اتنا ناقص ہے کہ غلط وائپ لگتے ہی پانی کے رنگوں کی طرح بہہ جاتا ہے؟
کچھ صارفین نے اسے مذاق میں ’بجٹ اسپرے پینٹ ایڈیشن‘ کہا، جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ شاید ایپل کو فون کے ڈبے پر لکھنا چاہیے ’’ہوا کے علاوہ کسی چیز سے صاف نہ کریں!‘‘
ایپل نے اس وائرل ہونے والی پوسٹ پر کوئی باضابطہ بیان تو جاری نہیں کیا، مگر دستیاب ڈیٹا اور ماہرین کی معلومات میں کچھ اہم نکات سامنے آئے ہیں۔
رنگ ’’باقاعدہ طور پر‘‘ تو اتر نہیں رہا، لیکن کئی صارفین نے ہاتھوں کی صفائی کے دوران رنگ کے گلابی پڑنے یا مدہم ہونے کی شکایت ضرور کی ہے۔ اور اس کی وجوہات میں کیمیکلز کا اثر،سخت گیلے وائپس کا استعمال، سورج کی روشنی، فزیکل ڈیمیج / رگڑ کے عوامل ہوسکتے ہیں۔
رنگ اُترنے جیسے واقعات درست رپورٹ ہوئے ہیں مگر یہ زیادہ تر غلط صفائی یا غلط کیمیکل کے باعث ہوتے ہیں۔ ایپل کی فیکٹری فِنش عام حالات میں خودبخود نہیں اترتی۔
یعنی دعویٰ ممکن ضرور ہے مگر اسے ’’ڈیزائن کی بڑی ناکامی‘‘ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔
رنگ بچانے کے لیے کیا کریں؟
صرف نرم، خشک، لنٹ فری کپڑا استعمال کریں، ایپل کے مطابق ہائیڈروجن پرآکسائیڈ، بلیچ اور سخت کیمیکلز سے مکمل پرہیز کیجئے، اگر ضروری ہو تو 70 فیصد آئیسوپروپائل الکوحل والے نرم وائپس استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
فون کو دھوپ میں زیادہ دیر نہ چھوڑیں، سخت کور کا استعمال کرتے وقت کنارہ رگڑنے سے بچائیں۔