ملک اشرف: پنجاب میں زرعی انکم ٹیکس کی شرح میں اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں آئینی رٹ پٹیشن دائر کر دی گئی۔ درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل اور رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اعجاز شفیع کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
رٹ پٹیشن میں پنجاب حکومت، سیکرٹری قانون اور بورڈ آف ریونیو کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ زرعی انکم ٹیکس کی شرح میں تبدیلی نوٹیفکیشن کے ذریعے کرنا آئین پاکستان کے آرٹیکل 77 کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق کسی بھی ٹیکس کا نفاذ یا اس کی شرح میں رد و بدل صرف قانون سازی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے، جبکہ انتظامی نوٹیفکیشن کے ذریعے ایسا اقدام غیر آئینی ہے۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ زرعی انکم ٹیکس میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے اور حکومت کو آئین و قانون کے مطابق اقدامات کا پابند بنایا جائے۔