ارباز خان: شہر میں دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی نہ بنایا جا سکا، جس کے باعث گرانفروشی میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہری مہنگے داموں دودھ اور دہی خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی کارروائیاں بھی مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں۔
سرکاری نرخنامے کے مطابق دودھ کی قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں دودھ 270 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح دہی بھی سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر دستیاب ہے اور مارکیٹ میں 280 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ کئی علاقوں میں دکاندار سرکاری نرخنامہ آویزاں کرنے سے بھی گریز کر رہے ہیں جبکہ من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔
عوام نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ اور دہی کی قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔