عابد چودھری:چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی نے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر شہریوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے لوڈر رکشوں کو کینال روڈ استعمال کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق عیدالاضحیٰ تک صرف وہی لوڈر رکشے کینال روڈ استعمال کرسکیں گے جو قربانی کے جانوروں کی نقل و حمل میں استعمال ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دیگر لوڈر رکشوں اور چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔
عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانور لے جانے والے لوڈر رکشوں کو بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہوگی، جبکہ لین لائن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او نے مزید کہا کہ ٹی آئرن، بانس اور دیگر سامان لے جانے والے رکشوں کو کینال روڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کی سلو موونگ اکثر ٹریفک حادثات کا سبب بنتی ہے، اسی لیے خصوصی احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔