تبدیلی سرکار نے صحت کے بڑے منصوبے کو بریک لگا دی

تبدیلی سرکار نے صحت کے بڑے منصوبے کو بریک لگا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چودھری ) حکومت نے پانچ سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کے مفت علاج کی سہولت بند کر دی، حکومت اور نوارٹس فارما کے اشتراک سے بلڈ کینسر کے علاج کیلئے چلنے والے منصوبے کو فنڈز دینے سے انکار کر دیا گیا، دو برسوں کے دو ارب روپے کے بقایا جات بھی ادا نہ کئے گئے، 5 ہزار مریض مفت علاج کی سہولت سے محروم ہوگئے۔

سابقہ حکومت کی جانب سے بلڈ کینسر کی قسم سی ایم ایل کے مفت علاج کا منصوبہ نوارٹس فارما کے اشتراک سے شروع کیا گیا، اس منصوبے کے تحت ایک تہائی اخراجات حکومت اور دو تہائی اخراجات نوارٹس فارما نے برداشت کرنا تھے۔ حکومت کی جانب سے جناح ہسپتال، میو ہسپتال لاہور سمیت پنجاب میں پانچ ٹیچنگ ہسپتالوں میں سنٹرز قائم کرکے کینسر کے 5 ہزار مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جارہی تھی۔

سابقہ حکومت نے اپنے دور میں مالی سال 18-2017 کے دوران ایک ارب کے واجبات ادا نہیں کئے تھے جبکہ موجودہ حکومت نے بھی رواں مالی سال کے واجبات ادا نہیں کئے ہیں اور آئندہ مالی سال میں بھی کینسر کے مفت علاج کی سہولت کیلئے فنڈز دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے فنڈز دینے سے انکار پر نوارٹس فارما نے بھی پراجیکٹ کو بند کر دیا ہے۔

کینسر کے نئے مریضوں کی رجسٹریشن کا عمل روک دیا گیا ہے اور پہلے سے رجسٹرڈ 5 ہزار مریضوں کو بھی مفت ادویات فراہم کرنے کا سلسلہ رک گیا ہے جس سے مریضوں میں شدید تشویش ہے تاہم اس سنگین مسئلے کا تاحال کوئی حل تلاش نہیں کیا جاسکا ہے۔