یوم پاکستان، میراتھن ریس اختتام پذیر

یوم پاکستان، میراتھن ریس اختتام پذیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( راؤ دلشاد ) لاہور میرا تھن ریس امن، محبت اور سپورٹس مین شپ کے جذبے بکھیرتی اختتام پذیر ہوئی، سیاست چھوڑ کر شہر کے بڑے ایک ہی صف میں نظر آئے، لارڈ میئر لاہور، ڈپٹی کمشنر اور پی ٹی آئی کے رہنما بھی میراتھن ریس کا حصہ بنے، لڑکوں میں نو شیرواں جبکہ لڑکیوں میں معروف اتھلیٹ رابعہ عاشق نے میدان مار لیا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ لاہور میراتھن ریس کا آغاز قذافی سٹیڈیم سے ہوا، چھوٹے بڑے سب میراتھن ریس کا حصہ بنے۔ لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید، ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید، رہنما پی ٹی آئی اعجاز چودھری، نذیر چوہان سمیت متعدد سیاسی رہنما بھی جوگر کسے میراتھن میں ایک ساتھ دیکھے گئے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر میراتھن ریس کا بنیادی مقصد پرامن پاکستان کا روشن تشخص سامنے لانا تھا، جس میں کامیاب رہے۔

پوزیشن ہولڈرز اتھلیٹس کا کہنا تھا کہ میراتھن ریس ہر شہر میں ہونی چاہیے تاکہ اتھلیٹس کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔ لڑکیوں میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے رابعہ عاشق اور فرح کا کہنا تھا کہ میراتھن کا تواتر انعقاد عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی جانب اہم قدم ہوگا۔

قذافی سٹیڈیم سے شروع ہونے والی میراتھن ریس میں دو بھائی پہلی اور تیسری پوزیشن لے اڑے، نوشیرواں عاشق نے پہلی، حافظ آباد کے محمد افضل نے دوسری جبکہ سبحان عاشق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کیٹیگری میں اولمپئین رابعہ عاشق نے پہلی جبکہ اسلام آباد کی فرح نے دوسری پوزیشن حاصل کی، کامیاب اتھلیٹس کو بیگم گورنر پنجاب پروین سرور نے انعامات سے نوازا۔

اتھلیٹس کہنا تھا کہ ایسے مقابلے ملک بھر کے اتھلیٹس کیلئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بہترین مواقع ثابت ہوسکتے ہیں۔