سٹی42: پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی کا کہنا ہےکہ ماضی میں آصف علی زردای کوہٹانے کی باتیں کرنے والے اب بلاول بھٹوکو ہٹانا چاہتے ہیں، بلاول بھٹوعوام کے حق کی بات کریں توادارے مخالف ہوجاتے ہیں مگراب جیالے برداشت نہیں کریں گے۔
پیپلزپارٹی پنجاب کے زیراہتمام یوم پاکستان اورمحترمہ نصرت بھٹو کی سالگرہ کےحوالے سےتقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈرسید حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ بیگم نصرت بھٹو نےجمہوریت کےلیےاحسن کردارادا کیا۔ کسی سیاسی جماعت نے عورت کووہ مقام نہیں دیاجو پیپلزپارٹی نے دیا ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت نے ملک وقوم کےلیے قربانیاں دی ہیں، ماضی میں آصف زرداری کو ہٹا نے کی باتیں کی گئیں، اب یہ آوازیں بلاول بھٹو تک پہنچ چکی ہیں۔
تقریب میں پرچم کشائی کی گئی، اس موقع پرملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی ہوئی، تقریب کےاختتام پرمحترمہ نصرت بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا، اس موقع پرثمینہ خالد گھرکی، اسلم گل، ملک عثمان، مشتاق اعوان، سونیا خاں اورحاجی عزیزالرحمن چن سمیت دیگر نےبھی خطاب کیا۔