حسن علی:مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ صنعت و تجارت کے زیر اہتمام پیرا فورس کی مبینہ زیادتیوں اور تاجروں کو ہراساں کیے جانے کے خلاف ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی مختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں شاہ عالم مارکیٹ، رنگ محل مارکیٹ، ہال روڈ مارکیٹ، موتی بازار اور اعظم مارکیٹ کے صدور سمیت متعدد تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر اور لاہور کے جنرل سیکرٹری چوہدری حمید الحسن بھی موجود تھے۔
اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور پیرا فورس کے اختیارات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ تاجر رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ کاروباری طبقے کی تذلیل اور بھاری جرمانوں کا نفاذ ناقابل قبول ہے۔
تاجر رہنما عمر بٹ نے کہا کہ تاجروں کے ساتھ ناروا سلوک اور بھاری جرمانے کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ بدسلوکی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔
اس موقع پر خالد نیک گجر نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت کا اہم ستون ہیں اور ان کے ساتھ مجرموں جیسا رویہ کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے تحفظ اور عزتِ نفس کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے اعلامیے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ تاجروں کے تحفظ، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو تاجر برادری شٹر ڈاؤن ہڑتال سمیت دیگر احتجاجی آپشنز پر غور کرے گی۔