قیصر کھوکھر:پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) نے ڈپٹی اکاؤنٹنٹ کے تحریری امتحان سے بائیو میٹرک تصدیق کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت امتحانی مراکز میں امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔
پی پی ایس سی کے مطابق بائیو میٹرک تصدیق کا باقاعدہ آغاز 25 اور 26 جولائی کو ہونے والے ڈپٹی اکاؤنٹنٹ کے تحریری امتحان سے کیا جائے گا۔ مذکورہ امتحان میں 60 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے، جن کی امتحانی مراکز میں بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔
سیکرٹری پی پی ایس سی افضال احمد کے مطابق بائیو میٹرک نظام متعارف کرانے کا مقصد امتحانی عمل کو مزید شفاف، محفوظ اور قابل اعتماد بنانا ہے۔ اس اقدام سے جعلی امیدواروں کی روک تھام ممکن ہوگی اور صرف اصل امیدوار ہی امتحان میں شرکت کر سکیں گے۔
افضال احمد نے کہا کہ جدید بائیو میٹرک نظام کے نفاذ سے امتحانی عمل کی ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی اکاؤنٹنٹ کے امتحان کے بعد تحریری امتحانات میں شریک ہونے والے 60 ہزار سے زائد امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق بھی یقینی بنائی جائے گی۔