عرفان ملک:رائے ونڈ میں مبینہ طور پر پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک طالبعلم زخمی ہوگیا ہے،، جبکہ کانسٹیبل زاہد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق طالبعلم حسنین نجی سوسائٹی سے لکھوال جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار زاہد اور اس کے ساتھی نے اسے روک لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار زاہد نے مبینہ طور پر طالبعلم پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں حسنین زخمی ہوگیا۔ زخمی طالبعلم کو فوری طور پر شریف میڈیکل سٹی ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ کانسٹیبل زاہد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب نشتر کالونی کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نشتر کالونی کے علاقے ڈیفنس فیز 9 کے قریب پولیس نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے مبینہ طور پر رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
پولیس ترجمان کے مطابق اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا، جسے گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت امجد عرف دیوا کے نام سے ہوئی ہے، جو 50 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ نکلا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا ساتھی اویس عرف پپی موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔