علی رامے:پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عمر عباس میلہ نے کہا ہے کہ صوبے میں بارشوں کے باعث بعض ندی نالوں میں طغیانی کے باوجود تاحال کہیں بھی سیلابی صورتحال پیدا نہیں ہوئی، جبکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے مون سون بارشوں کا موجودہ سپیل کمزور ہونا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال گزشتہ برس کی نسبت زیادہ بارشیں متوقع نہیں، جبکہ بھارتی ڈیموں میں پانی کی سطح بھی فی الحال 30 سے 40 فیصد کے درمیان ہے، جس کے باعث صوبے میں فوری طور پر بڑے سیلاب کا خطرہ نہیں۔
عمر عباس میلہ نے بتایا کہ بارشوں کے پیش نظر دریاؤں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور شہریوں کو دریا کے کناروں اور ممکنہ خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے اور ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ بارشوں کے باعث جہاں کہیں جانی یا مالی نقصان ہوا ہے، حکومت متاثرہ افراد کو مالی امداد فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔