علی ساہی :سیف سٹی نے ذہنی دباؤ، پریشانی اور خودکشی کے خیالات کا شکار افراد کے لیے کونسلنگ سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ایک مخصوص سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق اگر کوئی شہری ذہنی دباؤ، ناامیدی یا خودکشی کے خیالات محسوس کرے تو وہ فوری طور پر 15 ڈائل کرے اور 7 دبائے۔ اس کے بعد سیف سٹی متاثرہ شہری کا رابطہ کانفرنس کال کے ذریعے ماہر اور اسپیشلائزڈ سائیکالوجسٹ سے کرواتا ہے، جہاں بروقت پیشہ ورانہ کونسلنگ فراہم کی جاتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ماہر سائیکالوجسٹ کی بروقت رہنمائی سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا رہی ہیں۔ سال 2025 کے دوران خودکشی یا شدید ذہنی دباؤ سے متعلق 2327 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 2269 افراد کو بروقت کونسلنگ، ماہرین اور پولیس کی مدد سے خودکشی سے بچایا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کی کونسلنگ سروس کی کامیابی کی شرح 98 فیصد رہی۔ موصول ہونے والی کالز میں 56 فیصد مرد جبکہ 44 فیصد خواتین شامل تھیں۔ خودکشی کی سب سے بڑی وجہ گھریلو تنازعات قرار دی گئی، جہاں 48 فیصد کالز میں میاں بیوی اور خاندانی مسائل رپورٹ ہوئے۔
سیف سٹی کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں ذہنی دباؤ یا خودکشی کے خیالات لاحق ہوں تو تاخیر نہ کریں، فوری طور پر 15 پر کال کریں اور 7 دبائیں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔