دورِ نایاب: لاہورشہر میں ٹریفک کے نظام کو جدید بنانے کے لیے ٹریفک سگنلز کو وہیکل موومنٹ کنٹرول سسٹم (WMCS) کے تحت آپریٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت ٹریفک سگنلز پر موجود کاؤنٹنگ سسٹم ختم کر دیا گیا ہے اور اب جدید کیمرے اس بات کا تعین کریں گے کہ کس سمت میں سگنل کھلے گا یا بند ہوگا۔
خودکار نظام کے تحت شہریوں کے لیے پیدل گزرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کمانڈ سسٹم پر مبنی پیلیکن سگنلز نصب کیے جا رہے ہیں۔ ٹریفک انجینئرنگ پلاننگ ایجنسی (ٹیپا) نے مرحلہ وار شہر بھر میں سگنلز کو اپ گریڈ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق مال روڈ فیصل چوک کے بعد اڈا پلاٹ رائیونڈ روڈ پر پیلیکن سگنل نصب کر دیا گیا ہے، جبکہ سگنلز کو ڈبلیو ایم سی ایس کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے جدید کیمرے بھی لگائے جا چکے ہیں۔ یہ کیمرے خود بخود ٹریفک کے بہاؤ کا جائزہ لے کر تین اطراف کی ٹریفک بند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نئے خودکار نظام کے ذریعے وی وی آئی پی موومنٹ کو بھی بہتر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے گا، جس سے شہریوں کو کم سے کم زحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈی جی ایل ڈی اے کے مطابق شہر کے 20 مقامات پر جدید سگنلز اور کیمرہ سسٹم نصب کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے۔
چیف انجینئر ٹیپا کا کہنا ہے کہ یہ جدید سگنلز شہر میں پرانے اور پیچیدہ ٹریفک نظام کا خاتمہ کریں گے، جبکہ پورے سسٹم کو کنٹرول روم سے آپریٹ کیا جائے گا۔ مزید برآں، یوٹرنز پر حادثات سے بچاؤ کے لیے سپیڈ ٹیبل بریکرز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق جدید سگنلز اور کیمرہ سسٹم ٹریفک کے مسائل پیدا کرنے والے مقامات کی نشاندہی اور ان کے حل میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔