(شہزاد خان) شہر میں ایک مرتبہ پھر برائلر گوشت کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا، برائلر مرغی گیارہ روپے فی کلوگرام مہنگی فارمی انڈے سات روپے فی درجن سستے ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں گیارہ روپے اضافے کے بعد برائلر مرغی کا گوشت دوسو تیرہ روپے فی کلوگرام تک پہنچ گیا ہے ۔زندہ برائلر پرچون میں ایک سو سینتالیس روپے میں فروخت ہوا اور تھوک میں اسکی قیمت ایک سو اکتالیس روپے رہی ۔
شہریوں نے برائلر مرغی کے گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ مٹن اور بیف تو عام آدمی کی پہنچ سے پہلے ہی باہر ہے، حکومت برائلر مرغی کھانے کا حق بھی غریب عوام سے نہ چھینے ۔
فارمی انڈے سات روپے سستے ہوکر نوے روپے فی درجن ہوگئے ہیں۔ دیسی مرغی کا گوشت چھ سو اسی روپے فی کلو میں فروخت ہوا ، دیسی مصری مرغی کے گوشت کی قیمت چار سو پچاس سے چار سو اسی روپے تک رہی۔