فاران یامین:لاری اڈہ پولیس نے خطرناک ون ویلنگ میں ملوث تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان ساتھیوں کے ہمراہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر خطرناک ون ویلنگ کرتے اور اس کی ویڈیوز بھی بنواتے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گریٹر اقبال پارک کے گرد و نواح سمیت مختلف علاقوں میں ون ویلنگ کرتے ہوئے فوٹیجز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ سی پی او سٹی کے مطابق ملزمان نہ صرف اپنی بلکہ شہریوں کی جان کو بھی خطرے میں ڈال رہے تھے۔
ایس پی سٹی کے مطابق لاری اڈہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو دھر لیا۔ گرفتار ملزمان میں انس، اویس اور حسن شامل ہیں جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال خصوصی طور پر ون ویلنگ کے لیے تیار کی گئی موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی ہیں۔
ون ویلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی پر ایس ایچ او لاری اڈہ نسیم خان اور ان کی ٹیم کو شاباش دی گئی۔
ایس پی سٹی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں کیونکہ ون ویلنگ ایک سنگین جرم ہے جو قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔