ویب ڈیسک: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا اور شو پیس میچ اتوار یعنی آج دبئی میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے جارہا ہے۔
ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ جیتنا ضروری ہے، دوسرا میچ ہار ا تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوسکتا ہے۔
دنیا میں کروڑوں شائقین کرکٹ کی نظریں اس میچ کے نتیجے پر مرکوز ہیں۔حیران کن طور پر بابر اعظم نے ہفتے کو میچ سے قبل میچ میں پریکٹس نہیں کی۔
حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر بھارت فیورٹ ہے اور غیر مستقل مزاج کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کے بارے میں ماہرین رائے دینے سے گریز کررہے ہیں۔
ہیڈکوچ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پاک بھارت ٹاکرا ہائی وولٹیج، دلچسپ اور کرکٹ کی روح ہے، میچ کے لیے شائقین کرکٹ میں جوش وخروش عروج پر ہے اور ہائی وولٹیج میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ فخر زمان میچ ونر ہے، لیکن آپ کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کرسکتے، ہماری ٹیم اب بھی مضبوط ہے، ہم میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے60رنز سے شکست دی تھی، بھارت نے بنگلا دیش کے خلاف پہلا میچ چھ وکٹ سے جیتا تھا،پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپئن ہے جبکہ بھارت سابق چیمپئن ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 135میچ ہوئے ہیں۔ پاکستان نے 73 میچ جیتے، بھارت 57 میں کامیاب رہا۔ پانچ میچوں کا نتیجہ نہ آسکا۔ نیوٹرل وینیو پر پاکستان نے 40 اور 34 میں بھارت کو فتح ملی۔